منگلورو21؍نومبر (ایس او نیوز) مرکزی حکومت کی اسکیم’سٹی گیس‘ کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نریندر مودی ہاتھوں22نومبر کو شام 4بجے نئی دہلی کے وگیان بھون میں رکھا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت آئندہ رسوئی گیس سلینڈروں کے بجائے براہ راست پائپ کنکشن کے ذریعے گھر گھر پہنچائی جائے گی۔
اس منصوبے پر GAILگیس لمیٹیڈ کے ذریعے عمل پیرائی ہوگی۔ ابتدائی مرحلے میں ملک کے 129اضلاع میں اس طرح گیس سپلائی کرنے کا عمل شروع ہوگا ، جس میں منگلورو شہر بھی شامل ہے۔سنگ بنیادکی تقریب کو اس اسکیم سے مستفید ہونے والے تمام اضلاع میں لائیو ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔
اس ضمن میں منگلورو شہرکے ٹاؤن ہال میں ایک خصوصی پروگرام22نومبر کو دوپہر 2.30بجے سے منعقد ہوگا۔جس میں مرکزی وزیر سدانند گوڈا، رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل، رکن اسمبلی ویدویاس کامتھ،ڈاکٹر بھرت شیٹی اور منگلورو سٹی میئر بھاسکر مہمانان خصوصی ہونگے۔ابتدائی جلسہ دہلی سے سنگ بنیاد تقریب کا براہ راست ٹیلی کاسٹ شروع ہونے تک جاری رہے گا۔
معلوم ہوا ہے کہ GAILکی طرف سے کیرالہ کوچین سے منگلور و تک گیس سپلائی کے لئے پائپ لائن بچھانے کا کام اب تک مکمل ہوگیا ہے۔مزیداس پائپ لائن کو منگلورو کیمیکلز اینڈ فرٹیلائزرز تک آگے بڑھایا جائے گا۔جملہ 35کیلومیٹر لمبی یہ پائپ لائن 16دیہاتوں سے گزرے گی۔اب اسی گیس کو پائپ لائن کے ذریعے منگلورو شہر کے گھروں تک پہنچانے کے منصوبے پر کام ہورہا ہے۔جس کے لئے منگلورو سٹی کارپوریشن، میسکام اور بی ایس این ایل کی اجازت حاصل کرنے کے علاوہ صاف پانی کی فراہمی اور گندے پانی کی نکاسی کے نظام کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔شہر میں مختلف مقامات پر سٹی گیس بنکس بھی قائم کیے جائیں گے۔پتہ چلا ہے کہ اس منصوبے کے تحت قطر سے درآمد کیے جانے والی لکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کا استعمال کیا جائے گا جسے حسب ضرورت کامپریسڈ نیچرل گیس (سی این جی) اور پائپڈ نیچرل گیس (پی این جی) میں تبدیل کرکے صنعتی اور گھریلو استعمال کے لئے فراہم کیا جائے گا۔